اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو تک رسائی کی درخواست مستردکردی گئی ہے،پاک بھارت قونصلر رسائی معاہدے میں بڑی وضاحت سے لکھا ہے کہ جن کیسز میں سیاسی یا سیکیورٹی سے منسلک وجوہات ہوں گی،وہاں ملک میرٹ پر فیصلہ کریںگے، بھارت پوری طرح دفاعی پوزیشن پر آچکاہے ۔ کلبھوشن کے معاملہ پر اس کے دعمل کو بھی اسی پس منظر میں دیکھنا چاہیے، کشمیریوں کا قتل
عام فوری طور پر بند کیا جائے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، افغانستان میں امن لانے کے لیے جنگجو گروپوں کو مذاکرات کی میز پر لانا پڑے گا اس میں سب سے اہم قوت طالبان ہیں،افغان سرحد پر جو کچھ بھی کررہے ہیں اس سے کسی بین الاقوامی قانون کے خلاف ورزی نہیں ہورہی ہم اپنی طرف کو مضبوط کررہے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت نے کلبھوشن تک رسائی کیلئے باضابطہ طور پر پاکستان سے رابطہ کیا تھا۔