ڈیلس(این این آئی)ڈیلس کے معروف نامور پاکستانی کمیونٹی رہنما اور مسلم اسکالر ڈاکٹر اختر علی شاہ ڈیلس میں انتقال کرگئے ، وہ کچھ عرصے سے کینسر کے عارضہ مبتلا تھے،انہیں آرلنگٹن میں واقع مور میموریل گارڈن (مسلم قبرستان الباقی ) میں سپرد خاک کر دیا گیا، ان کی نماز جنازہ معروف مذہبی اسکالر علامہ ڈاکٹر مسعودنے پڑھائی ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں مسلم ڈیموکریٹک کاکس، پاکستان سوسائٹی، پاکستان امریکن ایسوسی ایشن، ڈیلس پیس سینٹر، مسلم سینٹر فار ہیومین سروسز سمیت سیاستدانوں، ڈاکٹرز، سائنسدان، شاعروں، طلبہ رہنماو?ں، خاندان، اور رشتہ داروں سمیت مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر عوام الناس نے انکے بیٹوں ڈاکٹر عرفان شاہ، ڈاکٹر رضوان شاہ اور دیگر رشتہ داروں سے تعزیت کا اظہار کیا،تدفین میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک سادہ اور پرخلوص شخصیت کے حامل انسان تھے جہاں انہوں نے اپنے پیشہ کے ذریعہ دکھی انسانیت کی خدمت کی وہاں انہوں نے دین اسلام کی بھی بھرپور تبلیغ کی اس لئے انکی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور عرصہ دراز تک انکو یاد رکھا جائے گا ۔