پیانگ یانگ(این این آئی)شمالی کوریا نے امریکہ کو تنبیہ کی ہے کہ خطے میں کسی قسم کے اکسانے والے اقدام نہ کرے کیونکہ ہم جواب میں جوہری حملے کے لیے تیار ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے یہ بیان اس وقت آیا ہے جب ملک کے بانی صدر کم ال سنگ کی 105 ویں یوم پیدائش کی تقریبات جاری ہیں۔اس موقع پر پیانگ یانگ میں ہفتہ کو فوجیوں، ٹینک اور اسلحے کی
پریڈ کی گئی۔شمالی کوریا کے عسکری حکام نے بیان میں کہا کہ ہم جنگ کا جواب جنگ سے دینے کے لیے تیار ہیں۔ اگر ہم پر نیوکلیئر حملہ کیا گیا تو ہم اپنے انداز سے ایٹمی حملہ کر کے جواب دینے کو تیار ہیں۔شمالی کوریا نے ہونے والی پریڈ میں پہلی بار بیلسٹک میزائل کی نمائش کی جو آبدوز سے لانچ کیے جانے والے میزائل سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس میزائل میں ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت بھی ہے۔