لوکا (این این آئی)دنیا کے سات بڑے صنعتی ممالک پر مشتمل گروپ کے وزرائے خارجہ شام اور روس کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کے لیے اتفاق رائے میں ناکام رہے ۔ برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے شام اور روس کے خلاف مزید نئی پابندیاں عاید کرنے کی تجویز پیش کی تھی لیکن گروپ سات کے وزرائے خارجہ کے درمیان اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اطالوی وزیر خارجہ اینجلینو الفانو نے تسکانی میں گروپ سات کے وزرائے
خارجہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد کہا کہ نئی پابندیوں کی تجویز کے لیے وسیع تر حمایت نہیں حاصل ہوسکی ہے اور نئی پابندیوں کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آئی ہیں۔میں اپنے ساتھی بورس جانسن کا حوالہ دے رہا ہوں جنھوں نے اس ایشو کو اٹھایا تھا۔جی سیون کا موقف بڑا واضح ہے۔ہم پہلے سے متعارف کردہ پابندیوں کی حمایت کرتے ہیں۔وزیر خارجہ الفانو کا کہنا تھا کہ گروپ سات روس کو الگ تھلگ نہیں کرنا چاہتا ہے بلکہ وہ ماسکو کے ساتھ ایک تعمیری تعلق استوار کرنا چاہتا ہے۔