گروزنی(آئی این پی) چیچنیا میں داعش نے روسی فوجی بیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 6فوجی ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور بھی مارے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چیچنیا کے شمال مغربی شہر گروزنی کے علاقے نورسکایا میں 6 حملہ آوروں نے روسی نیشنل گارڈز کے فوجی بیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 6 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ بڑی تعداد میں فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات
ہیں،جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور بھی مارے گئے۔ روسی نیشنل گارڈ کا حملے سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے مقامی وقت کے مطابق رات ڈھائی بجے کارروائی کی اور دھند ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیس تک پہنچے جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ روسی نیشنل گارڈ نے گزشتہ سال چیچنیا کے سرحدی علاقے میں فوجی بیس قائم کیا تھا جہاں سرحدی تخریب کاریوں کو روکنے کے لئے فوجی دستے تعینات کیے گئے تھے۔