لندن/دمشق(آئی این پی)دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے ایوان پارلیمان کے باہر ہونے والے دہشت گرد حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدت پسند تنظیم داعش نے برطانوی دارالحکومت لندن میں کیے گئے اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، جس میں ایک حملہ آور نے ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد کو ہلاک اور40 کو زخمی کر دیا تھا اور پولیس کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
اسلامک اسٹیٹ سے قریبی وابستگی رکھنے والی ایجنسی اعماق کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق برطانوی پارلیمان کے قریب حملہ کرنے والا شخص اسلامک اسٹیٹ کا ایک سپاہی تھا۔ دریں اثنا حملہ آور کے بارے میں تحقیقات کے دوران 8مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ٹیریزا مے نے پارلیمان سے اپنے خطاب میں بتایا کہ اکیلے ہی کارروائی کرنے والا حملہ آور برطانیہ ہی میں پیدا ہوا تھا