اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سویڈن کے پاسپورٹ کو دنیا کے 199 ممالک میں سب سے بہترین پاسپورٹ قرار دیدیا گیا ۔اس اعزاز کے بعد سویڈن کے شہری ویزے کے بغیر دنیا کے 176ممالک تک کا سفر کر سکتے ہیں بلکہ کسی دوسرے ملک منتقل ہونے پر ٹیکس سے بھی مستثنیٰ ہو جاتے ہیں۔پاسپورٹس کی جاری رینکنگ میں افغانستان کا آخری نمبر جبکہ امریکہ پہلے دس ممالک میں بھی شامل نہیں ہے۔فہرست میں سویڈن کے بعد بیلجیم ، سپین ، اٹلی اور آئر لینڈ کا نمبر ہے۔
ویزہ فری سفر اور شخصی آزادیوں کے لحاظ سے امریکی پاسپورٹ کو بہتر سمجھا جاتا ہے تاہم لسٹ میں ریگولر اور مڈل کلاس ٹریولرز کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا بلکہ یہ دوسرے پاسپورٹ اور اس کے ساتھ ملنے والی سہولیات کے خواہاں امراء اور شہریوں کیلئے رہنمائی فراہم کر تی ہے۔امریکی پاسپورٹ کے ٹاپ ٹن میں نہ آنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ امریکی حکومت نے ہر سطح کی آمدنی والے شہریوں پر ٹیکس عائد کر رکھے ہیں ۔جس کی وجہ سے پہلے دس ممالک کی رینکنگ میں امریکی پاسپورٹ شامل نہیں ہے۔