لندن(این این آئی)ملکہ برطانیہ عوامی جگہوں پر یا کسی تقریب میں اپنے ہینڈ بیگ کے بغیر شرکت نہیں کرتیں،وہ بیگ میں ناصرف ضروری اشیاء رکھتی ہیں بلکہ اپنے اسٹاف کو خفیہ پیغامات بھی دیتی ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ملکہ برطانیہ جب بھی محل سے نکلتی ہیں شان سے نکلتی ہیںاور اپنے ساتھ ہینڈ بیگ لینا نہیں بھولتیںکیونکہ یہ صرف بیگ نہیں بلکہ ملکہ کے اسٹاف کو خفیہ پیغامات بھیجنے کا ذریعہ بھی ہے ۔
شاہی مورخ نے انکشاف کیا کہ عوامی جگہوں یا مجمع میں ملکہ اگر اپنا بیگ ایک ہاتھ سے دوسرے ہاتھ میں لیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے ملکہ گفتگو ختم کر چکی ہیں،اگر وہ اپنا ہینڈ بیگ میز پر رکھ دیں تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ واپس جانے کیلئے تیار ہیں اور اگرملکہ اپنی شادی کی انگوٹھی گھمانے لگیں تو سمجھ جائیں کہ وہ اسی وقت اس جگہ سے جانا چاہتی ہیں ۔ملکہ عام طور پربیگ اپنے بائیں ہاتھ میں رکھتی ہیں تاکہ دائیں ہاتھ سے مصافحہ کر سکیں،وہ مخصوص برانڈ کے ہینڈ بیگز ہی استعمال کرتی ہیں، جن کا استعمال انہوں نے 1968سے شروع کیا۔کہا جاتا ہے کہ ملکہ کے پاس اس برانڈ کے2 سو سے زائد ہینڈ بیگز ہیں، ان ہینڈ بیگز میں ملکہ کے نظر کے چشمے،فاون پین،ٹافیاں،5 اور10 پاونڈ کے نوٹ ہوتے ہیں۔