واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میکسیکو کے ساتھ ملحق سرحد پر دیوار کی تعمیر متوقع وقت سے بہت پہلے جلد ہی شروع کر دی جائے گی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق کنزویٹو پولیٹکل ایکشن کانگریس کی سالانہ تقریب سے خطاب میں انھوں نے وعدہ کیا کہ وہ امریکی شہریوں کو ہمیشہ ترجحی دیں گے
اور سرحد پر دیوار، ایک عظیم دیوار بنائی جائے گی۔انھوں نے وعدہ کیا کہ برے لوگوں کو ملک سے باہر نکالا جائے گا۔ریاست میری لینڈ میں جماعت کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران شرکا نے یو ایس اے، یو ایس اے کے نعرے لگائے۔ اپنے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہم دیوار بنا رہے ہیں۔انھوں نے کہا درحقیقت ہم اسے جلد شروع کر رہے ہیں۔ طے شدہ وقت سے پہلے، وقت سے بہت بہت پہلے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ دولتِ اسلامیہ کو مکمل ختم کرنے کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا غیر ملکی دہشت گرد امریکہ کو نقصان پہنچانے کے قابل نہیں ہوں گے اگر وہ امریکہ کے اندر آ ہی نہیں سکیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے سویڈن میں حملے سے متعلق اپنے ایک غلط دعوے پر کہا کہ سویڈن کے معاملے ان پر کافی تنقید کی گئی۔ان کا کہنا تھا مجھے سویڈن سے پیار ہے۔ لیکن وہاں کے لوگ جانتے ہیں کہ میں ٹھیک ہوں۔پھر انھوں نے فرانس میں ہونے والے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک دوست پیرس جانا پسند کرتا تھا لیکن اب اس نے وہاں جانا چھوڑ دیا ہے۔ پیرس اب پیرس نہیں رہا۔ان کے خطاب کے دوران سب سے زیادہ تالیاں اس وقت گونجیں جب انھوں نے سب سے پہلے امریکہ کے نعرے پر زور دیا انھوں نے کہا عالمی تعاون، یعنی دوسرے ممالک کے ساتھ معاملات اچھی چیز ہے۔ یہ بہت اہم ہے۔ لیکن عالمی ترانے جیسی کوئی چیز نہیں، نہ کوئی عالمی کرنسی یا عالمی پرچم ہے۔یہ ریاست متحدہ ہائے امریکہ ہے جس کی میں ترجمانی کر رہا ہوں، میں پوری دنیا کی نمائندگی نہیں کر رہا، میں آپ کے ملک کا ترجمان ہوں۔