لاہور( آن لائن) معروف بھارتی دانشور سودھندرا کلکرنی نے کہا ہے کہ میں ہندوستانی ہونے کے ناطے سے سی پیک منصوبے کی حمایت کرتا ہوں ،پاکستان اب ترقی کی جانب ہوچکا ہے اس منصوبے کے باعث ملک میں روزگار میں اضافہ ہوگا،بھارت اور پاکستان ایک فیملی کی طرح ہیں ہمیں اچھے پڑوسی کی طرح رہنا چاہیے اور آپس میں خوشیاں بانٹنی چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں منعقدہ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگا، اب لگتا ہے
یہاں ایک نئی امید آرہی ہے۔پاکستان اورچین کے درمیان جواکنامک کوریڈور بنی ہے اس کے باعث روزگار کے نئے مواقع ملیں گے۔انہوںنے کہا کہ ہمیں یہ خیال کرنا چاہیے کہ یہ تمام ندیاں پاکستان اور بھارت کو جوڑنے والی ہوں توڑنے والی ہرگز نہیں ہونی چاہئیں۔دلوں اور دماغ میں بننے والی سرحدوںکو ختم ہونا چاہیے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم الگ الگ ملک ہیں اور الگ الگ رہیں گے لیکن دل اور دماغ ایک ہونا چاہیے۔