بھوپال(آئی این پی)بھارت میں ایک کسان نے غیر مرد کے ساتھ دیکھ کر اپنی بیوی کا سر قلم کردیا اور کٹا ہوا سر ہاتھ میں اٹھائے تھانے پہنچ گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مدھیاپردیش کے گاؤ ں گھاریلی میں 38سالہ نارائن سنگھ اپنے کھیتوں میں کام کرنے گیا جہاں اس نے اپنی 28سالہ بیوی سریتا کو اپنے آشنا کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا۔ وہ اس سے قبل بھی اپنی بیوی کو اس شخص کے ساتھ ایسی حالت میں دیکھ چکا تھا
اور اس کام سے باز آنے کی تنبیہ کر چکا تھا تاہم اس بار اس نے تلوار لی اور وہیں کھیت میں ہی بیوی کا سر قلم کر دیا۔ سرقلم کرنے کے بعد نارائن نے اسے بالوں سے اٹھایا اور 5میل پیدل چل کر سر سمیت پولیس سٹیشن چلا گیا اور اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ تھانے میں سرسمیت پیش ہونے سے پہلے اس نے راستے میں دیکھنے والوں سے ایک جگہ رک کر کہا کہ یہ میری بیوی کا سر ہے۔ اس نے میرا بھروسہ توڑا تھا جس کی وجہ سے میں نے اس کا سرقلم کر دیا۔ میں نے اسے دوبار منع کیا تھا کہ اس کام سے باز آ جا لیکن یہ نہیں رکی۔ نارائن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔