نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی میڈیا نے قندھار بم دھماکے میں متحدہ عرب امارات کے 5 سفیروں کی ہلاکت کو پاکستان سے جوڑنے کی ناکام ہرزہ سرائی شروع کردی اور دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے تعلقات پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں سرگرم بھارتی خفیہ ایجنسی کے اشاروں پر بھارتی میڈیا نے پاکستان کیخلاف زہریلا پراپیگنڈا شروع کردیا
اوربھارتی نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے کے بعد متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے تعلقات پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے ، یہ افواہیں محض دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ہیں ،حالانکہ اس حملے پر بھی انگلیاں بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور افغان پولیس چیف کی طرف اٹھ رہی ہیں جو متحدہ عرب امارات کے سفیر کے بیٹھنے کے لیے موجود صوفے کے نیچے نصب بم کے دھماکے سے ایک منٹ قبل ٹیلی فون سننے کے بہانے اٹھ کر باہر چلے گئے تھے۔دوسری طرف خود افغان حکام نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جبکہ بھارتی نیوز ایجنسی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان متحدہ عرب امارات سے اپنے تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے تو اسے اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی حالانکہ پاکستان اس بات کا کئی مرتبہ عزم اور یقین دہانی کراچکا ہے کہ اس کی سرزمین کسی بھی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔