جموں /نئی دہلی (آئی این پی)بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر قائم ریزرو انجینئرنگ فورس کے کیمپ پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد حملے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے،شواہدسے پتہ چلتا ہے کہ دہشتگردی کیلئے پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے۔پیر کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر مملکت برائے وزیراعظم آفس(پی ایم او) جتیندر سنگھ نے الزام لگایا کہ لائن آف کنٹرول کے قریب اکھنور سیکٹر میں جنرل ریزرو انجینئرنگ فورس(جی آر ای ایف ) کے کیمپ پر دہشتگرد حملے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جتیندر سنگھ نے کہاکہ ایسے شواہد موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ دہشتگردی کیلئے پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے ۔
اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں ورکنگ باؤنڈری پر قائم بھارتی فوج کے جنرل انجینئرنگ فورس (جی ای آر ایف) کے کیمپ پر دستی بموں کے حملے میں 3اہلکار ہلاک اور2زخمی ہو گئے۔پیر کی صبح نامعلوم جنگجوؤں نے جموں ضلع میں آزاد اور مقبوضہ کشمیر کو ملانے والی ورکنگ باؤنڈری پر اکھنور سیکٹر کے بٹل علاقے میں بھارتی فوج کی ملٹری انجینئرنگ سروس کی زیلی شاخ کے کیمپ پر دستی بموں سے حملہ کیا اور فائرنگ کی۔فوج نے ایک بیان میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ پر جنگجوؤں کے حملے میں تعمیراتی آرگنائزیشن کے تین مزدور مارے گئے اور ایک زخمی ہوا۔یہ کیمپ بھارتی فوج کے بارڈر سڑکیں تعمیر کرنے والی آرگنائزیشن کا تھا۔حملے کے بعد فوج کی کمک علاقے میں پہنچ گئی اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملے کے بعد جموں خطے میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جبکہ کھور تحصیل میں بھارتی فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹرز پروازیں بھر رہے ہیں۔ابھی تک کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔