واشنگٹن+لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) اعلیٰ امریکی سائنسدانوں نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام ایک خط لکھا ہے، جس میں ان سے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے پر کاربند رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق سینتیس سائنسدانوں کے دستخط شدہ خط میں لکھا گیا ہے کہ یہ معاہدہ ایرانی جوہری پروگرام کے خلاف ایک مضبوط اور اہم سٹرٹیجک فیصلہ ہے۔ دستخط کنندگان میں ماضی میں امریکی ایٹمی پروگرام سے وابستہ رہنے والے نوبل انعام یافتہ سائنس دان بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا معروف امریکی دانشور نوم چومسکی نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کے نومنتخب صدر نے ایٹمی معاہدے کو منسوخ کرنے کی اپنی دھمکی کو عملی جامہ پہنایا تو امریکہ عالمی سطح پر الگ تھلگ پڑ جائیگا۔ نوم چومسکی نے امریکہ کے صدر کی حیثیت سے ٹرمپ کے انتخاب کے بارے میں کہا کہ ٹرمپ کے منتخب ہوجانے سے دنیا کو اس وقت انسانیت کی بقا کے تعلق سے خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے برسراقتدار آنے کے بعد امریکہ عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوجائے گا۔ نوم چومسکی نے کہا کہ واشنگٹن کو عالمی سطح پر الگ تھلگ کرنے کا ایک قدم اس وقت اٹھایا جائے گا جب ٹرمپ ایٹمی معاہدے کو منسوخ کردینے کی اپنی دھمکی پر عمل کریں گے۔