واشنگٹن(آئی این پی) امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ 2016کے آخر تک افغانستان کی جنگ میں امریکاکے2ہزار 247فوجی ہلاک اور 20ہزار 400زخمی ہوئے ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق پینٹاگون کا کہنا ہے کہ 2001میں افغانستان پر امریکی حملے سے لے کر اب تک 2ہزار 247فوجی ہلاک اورتقریبا20ہزار 200 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ اس وقت افغانستان میں امریکا کے 9 ہزار 800 فوجی موجود ہیں لیکن پروگرام کے مطابق ان کی تعداد کم کرکے 8ہزار 400 کردی جائے گی۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق افغانستان میں یورپی یونین کی پولیس کا مشن ختم ہوگیا ہے۔ یہ مشن
2007 میں شروع ہوا تھا۔یورپی یونین کی پولیس کا مشن افغانستان کی وزارت داخلہ میں اصلاحات اوراس ملک کی پولیس کو پیشہ ورانہ کام سکھانے کے لیے شروع کیا گیا تھا اور اس کا 2016 کا بجٹ تقریبا50 ملین ڈالرتھا۔ اس وقت افغان پولیس میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔