میڈرڈ/رباط(این این آئی)مراکش اور سپین کی سرحد پر ایک ہزار سے زیادہ پناہ گزینوں کے سرحد عبور کرنے کی کوششوں میں 50 مراکشی اور پانچ سپینی سرحدی گارڈز زخمی ہو گئے ۔تقریبا 1100 پناہ گزین سپین کے شمالی افریقی انکلیو سیوٹا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ ان میں سے صرف دو پناہ گزین سرحد پار کرنے میں کامیاب رہے لیکن 20 فٹ اونچی دیوار عبور کرنے میں وہ زخمی ہو گئے اور انھیں طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ سرحد میں داخل ہونے کی کوششوں سے روکنے کے دوران ایک سرحدی محافظ کی آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ۔خیال رہے کہ اس سے قبل دسمبر میں 400 سے زیادہ پناہ گزین سیوٹا کی دیوار عبور کرنے میں کامیاب رہے تھے اور اْن کی اس کامیابی سے ہزاروں نئے پناہ گزینوں کو تحریک ملی تھی۔
جنوبی افریقہ کے وسیع ریگستانی علاقے والے ممالک کے ہزاروں پناہ گزین مراکش میں غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں اور وہ یورپ میں داخل ہونے کی امید میں ہر سال مراکش کی سرحد پر موجود سپین کے شمالی افریقی انکلیوز میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔سیوٹا اور میلیلا کے انکلیوز افریقہ میں یورپ کی واحد زمینی سرحدیں ہیں۔زیادہ تر پناہ گزینوں کو سرحد عبور کرنے سے روک دیا جاتا ہے اور انھیں مراکش واپس بھیج دیا جاتا ہے جبکہ جو سرحد عبور کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں انھیں یا تو دوبارہ ملک بدر کر دیا جاتا ہے یا پھر انھیں چھوڑ دیا جاتا ہے۔درجنوں افراد سرحدی باڑ پر چڑھنے میں کامیاب ہو گئے تھے لیکن سپینی سرحدی گارڈز انھیں واپس مراکش بھیجنے میں کامیاب رہے۔