واشنگٹن(این این آئی) امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ان کی ٹیلیفونک گفتگو کا اپنا ورژن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مثبت گفتگوہوئی لیکن پاکستانی ورژن میں بہت خوشنما زبان استعمال کی گئی تھی۔
ٹرمپ ٹیم کی جانب سے جاری کیے گئے گفتگو کے متن کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم نواز شریف کی اس حوالے سے مثبت گفتگو ہوئی کہ کس طرح امریکہ اور پاکستان مستقبل میں مضبوط تعلقات استوار کریں گے۔کہا گیاکہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ مضبوط اور دیرپا ذاتی تعلقات استوار کرنے کے خواہش مند ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم کے ایک مشیر کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے پاکستانی متن میں نومنتخب صدر کی بات چیت کو بہت بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا۔