سووا (آئی این پی)فجی حکام نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں سرمایہ کاری کیلئے جتنے منصوبے رجسٹرڈ کئے ہیں ان میں سے 45فیصد کا تعلق چین سے ہے جبکہ گذشتہ دو سال کے دوران فجی میں جن منصوبوں کو مکمل کیا گیا ان میں سے زیادہ تر چین کے تعاون سے مکمل کئے گئے ،جن سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں بڑی مدد ملی ہے ۔
ان خیالات کا اظہار فجی کے وزیر تجارت فیاض کویا نے چینی سرمایہ کاروں کے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ 2015ء میں بحرالکاہل کے جزائر میں جتنے منصوبوں پر کام کیا گیا ان میں سے 41فیصد چینی سرمایہ کاری سے شروع کئے گئے تھے ، اس وقت چین فجی کا سب سے بڑا غیرملکی براہ راست سرمایہ کار ہے اور ان اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ چینی سرمایہ کاروں کو فجی کی معیشت پر اعتماد حاصل ہے ، فجی کے وزیر تجارت نے چین سے مزید سرمایہ کاری پر زور دیاتا کہ فجی کی معیشت کو بہتر بنایا جا سکے ۔