لندن(این این آئی)متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین پر منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی ٗ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عدالت سے مزید 2 ہفتے کی مہلت مانگ لی۔برطانیہ میں مقیم ایم کیو ایم بانی الطاف حسین پر منی لانڈرنگ کیس میں فرد جرم عائد ہونا تھی تاہم سماعت کے دوران اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی حکام کی جانب سے کیس سے متعلق کچھ مواد بھیجا گیا ہے جو کہ اردو زبان میں ہے اس لئے مواد کا جائزہ لینے کے لئے کچھ وقت لگے گا۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے عدالت سے مواد کا جائزہ لینے کے لئے مزید 2 ہفتے کی مہلت مانگی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کی جانب سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کو منی لانڈرنگ سے متعلق کچھ مواد بھیجا گیا ہے جب کہ عدالت 2 روز بعد پولیس اور ملزمان کی موجودگی میں فیصلہ سنائے گی۔ برطانوی قانون کے مطابق فرد جرم عائد کرنے کے لیے ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا ضروری نہیں، فرد جرم الطاف حسین کو ڈاک یا ای میل کے ذریعے ارسال کی جاسکتی ہے یا پھر ان کے وکیل کو بھی پیش کی جا سکتی ہے۔