نئی دہلی (این این آئی)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں اڑی سیکٹر پر بھارتی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ اس حملے کو انجام دینے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انڈین آرمی کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا ۔دوسری طرف حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل رام مادھو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا ہے کہ حملے کو انجام دینے والوں اور ان کے سرپرستوں کو نہیں چھوڑا جائے گا اور ان دہشت گردوں کے خلاف یہی طریقہ ہونا چاہئے کہ ’’ایک دانت کے بدلے پورا جبڑا ‘‘نام نہاد سفارتی کنٹرول کے دن ختم ہو گئے ہیں ،جموں و کشمیر میں دہشت گردوں کے مسلسل حملے اور ہماری طرف سے بات چیت کا عمل نا اہلی کے زمرے میں آتا ہے ،ہماری حکومت کو خود کو اس سے الگ رکھنا ہو گا۔