اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) الطاف حسین کے خلاف لندن میں مقدمات چلانے میں بھارت رکاوٹ بن گیا برطانوی صحافی اوون بینٹ جونز نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت ایم کیو ایم کو را کی فنڈنگ کا مقدمہ برطانوی عدالتوں میں چلنے نہیں دینا چاہتا اور برطانیہ اپنے مفادات کے لیے بھارتی مفادات کے تحفظ پر مجبور ہے۔ برطانوی صحافی اوون بینٹ جونز نے 6 سال گزرنے کے بعد بھی ڈاکٹر عمران فاروق کیس کا نتیجہ نہ نکلنے پر کئی انکشافات کئے ہیں۔ برطانوی صحافی نے لکھا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس کی تفتیش کے دوران ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ سے اسلحہ اور بھاری رقوم ملیں جس سے ایم کیو ایم کو بھارتی فنڈنگ کا پتہ چلا لیکن یہ انکشاف ایم کیو ایم کے لیے مددگار ثابت ہوا۔ برطانوی صحافی کے مطابق برطانوی ریاست اور خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس الطاف حسین کو اثاثہ مانتی تھی ایم آئی سکس کے حکام الطاف سے ہر ہفتے کئی ملاقاتیں کرتے تھے ایم کیو ایم کے وزیروں کے ذریعے برطانیہ پاکستان میں اپنے مفادات کا تحفظ کرتا رہا۔ ایم کیو ایم اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تعلقات سامنےآنے پر بھارت نے برطانیہ پر دباؤ ڈالاڈالا کہ اس حوالے سے برطانوی عدالتوں میں مقدمہ ناقابل قبول ہے جس پر برطانیہ اپنے مفادات کے ساتھ ساتھ بھارتی مفادات کے تحفظ پر بھی مجبور ہو گیا۔