لکسمبرگ سٹی () لکسمبرگ کے وزیر خارجہ ژ اں ایسلبورن نے کہا ہے کہ پناہ گزینوں پر یورپی یونین سے مختلف موقف رکھنے والے ملک ہنگری کی یونین میں رکنیت عارضی طور پر معطل کر دی جائے یا اْسے مستقلاً یونین سے خارج کر دیا جائے۔ ایسلبورن نے جرمن اخبار ’دی وَیلٹ‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین بنیادی اقدار کی نفی کو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔ اْن کا اشارہ ہنگری کی اوربان حکومت کی طرف سے ملکی سرحدوں پر باڑ لگانے، پریس فریڈم کو محدود کرنے اور وہاں عدالتی اصلاحاتی عمل کی طرف تھا۔ لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کا یہ انٹرویو یورپی یونین کی جمعرات سے سلوواکیہ کے دارالحکومت براتسلاوا میں شروع ہونے والی سمٹ سے قبل بہت اہم قرار دیا گیا ہے۔