گوہاٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست آسام میں سرگرم علیحدگی پسند تنظیم الفا نے بھارتی یوم آزادی پر دھماکوں کیلئے ایک سکول کے طلبہ کو پانچ پانچ سو روپے اور درگاپوجا کیلئے تحائف دینے کا وعدہ کر کے بم نصب کروائے ۔ اس بات کا انکشاف بھارتی اخبار نے بھارت کے نیشنل سیکیورٹی گارڈ کی 10رکنی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے حوالہ سے کیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ علیحدگی پسند تنظیم یونائٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام کے پریشی باروا کی قیادت میں سرگرم گروپ نے ضلع تنسوکیا کے کاکو جان ہائی سکول کے جماعت نہم کے 15سالہ اور جماعت دہم کے 16سالہ طالب علم کو پانچ پانچ سو روپے دیکر اور درگا پوجا کے موقع پر تحائف کا وعدہ کر کے پانچ مختلف مقامات پر بم نصب کرنے کو کہا۔ گرفتاری کے بعد دونوں بچوں نے بتایا کہ انہوں نے اس خیال سے کہ دھماکوں سے لوگ زخمی نہ ہوں بم ویران مقامات پر پھینک دیئے ۔ آسام کے ضلع تنسوکیا میں یوم آزادی کی صبح دو بم دھماکے ہوئے جبکہ دو بم پولیس نے ناکارہ بنا دیئے تھے ۔