مسقط(نیوز ڈیسک) خلیجی ریاست عمان میں ہونے والے ایک بس حادثے میں دوپاکستانیوں سمیت 18 افراد ہلاک جبکہ 14 دیگر زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عمان کی پولیس نے گزشتہ روز میڈیا کو بتایاکہ ایک بس، ٹرک اور ایک کار کے درمیان یہ حادثہ فہود اور عبری نامی شہروں کو ملانے والی شاہراہ پر ہوا۔ یہ دونوں شہر دارالحکومت مسقط سے مغرب میں واقع ہیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دوپاکستانیوںسمیت چند دیگرغیر ملکی بھی شامل ہیں۔ عمان جزیرہ نما عرب کے مشرقی حصے کی ایک ریاست ہے اور اس کی سرحدیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمن سے ملتی ہیں۔عمان کے سرکاری میڈیا نے بتایا کہعمان کے شہر صلالہ سے دبئی آتے ہوئے مسافر بس کو حادثہ پیش آنے سے دوپاکستانیوں سمیت 18 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 14 زخمی ہیں ،رپورٹ کے مطابق تمام افراد سیرو تفریح کیلئے عمان کے پر فضا مقام صلالہ گئے تھے تاہم واپسی پر بس کو حادثہ پیش آگیا۔خبر میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک چھ افراد کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے اور زخمیوں کو عبریہ اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔