واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ قریبی تعلقات استوار رکھتا ہے کیونکہ اس طرح جوہری ہتھیاروں کے حامل 2 جنوبی ایشیائی ہمسایوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ایک بیان میں جان کیری نے کہاکہ امریکہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان مفاہمت’ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی پوری کوشش کررہا ہے۔جان کیری نے کہاکہ ہم اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں میرا خیال ہے کہ مذاکرات کےلئے دونوں رہنماوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے ۔انہوںنے کہاکہ ہم وہ کام نہیں کرنا چاہتے جس سے توازن بگڑے، ساتھ ہی ہم اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اپنے ملک میں قابل شناخت دہشت گردوں کے خلاف ایک بہت مشکل تاہم قانونی جنگ میں مصروف ہے جو پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے کہاکہ پاکستان نے ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ اسی ہزار فوجی دستے پاک افغان سرحد پر تعینات کر رکھے ہیں۔