واشنگٹن(نیوز ڈیسک)ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر جان میک کین نے اوباما انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہےکہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت میں تاخیر کی جائے، معاہدے کا یہ وقت درست نہیں ہے کیونکہ اس سے امریکا کے بھارت کے ساتھ تعلقات پیچیدہ ہوگئے ہیں۔ اس لیے اس معاملے کا فیصلہ نئی انتظامیہ پر چھوڑ ا جائے۔ امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان میک کین نے جمعرات کو رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوایف16 طیاروں کی فروخت کے معاہدے سے واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات پیچیدہ ہوگئے ہیں ، یہ معاملہ مجھ سمیت دیگر لوگوں کیلئے انتہائی مشکل ہے۔ جنگ رپورٹر واجد علی سید کے مطابق اس کا وقت درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے پر محض حکومتی اعلان کے بجائے میں بحث کا متقاضی ہوں ، کمیٹی برائے امور خارجہ میں اس معاملے پر بحث ہونی چاہیے اور حکومت کو اپنے موقف کی تشریح کرنی چاہیے۔