اسلام آباد ( نیوز ڈیسک )چینی کنسورشیم پاکستان میں کان کنی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے میں دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، اس کنسورشیم کی قیادت چین کی مشینری انجنیئرنگ کارپوریشن کررہی ہے جبکہ یہ منصوبے اینگرو کارپوریشن آف پاکستان مکمل کرے گی، منصوبہ کا پہلا مرحلہ 330میگاواٹ کا پاور پلانٹ ہے جو صوبہ سندھ کے علاقہ تھر میں لگایا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی کان کنی کے منصوبے پر بھی کام شروع کیا جائے گا تا کہ اس سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کے لئے کوئلہ حاصل کیا جا سکے۔ یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جس کے ذریعے گوادر سے کاشغر تک تین ہزار کلو میٹر شاہراہ تعمیر کی جانی ہے۔ یہ بات چین کی مشینری انجنیئرنگ کارپوریشن کے صدر ڑانگ چن نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا یہ پہلابڑا منصوبہ ہے، توقع ہے کہ اس سے پاکستان میں معاشی ترقی کو نئی جہت ملے گی۔