سٹاک ہوم (نیوز ڈیسک) سویڈن کے ایٹمی تحقیق کے معتبر ادارے نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ دنیا کے نو ممالک ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں جن کے پاس مجموعی طور پر 16000 سے زائد ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ ان ممالک میں پاکستان، بھارت، امریکہ، روس، برطانیہ، فرانس، چین، شمالی کوریا اور اسرائیل شامل ہیں۔سٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (SIPRI) کا کہنا ہے کہ اگرچہ روس اور امریکہ نے اپنے ہتھیاروں میں کمی کی ہے لیکن ابھی بھی دنیا کے 93 فیصد سے زائد ایٹمی ہتھیار انہی دو ممالک کے پاس ہیں۔ ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ صرف پانچ ممالک کو قانونی طور پر ایٹمی طاقت تسلیم کیا گیا ہے جو کہ امریکہ، برطانیہ، روس، چین اور فرانس ہیں اور یہ پانچوں ایٹمی ہتھیاروں کو چلانے کیلئے نئے نظام نصب کررہے یا ا±ن کے لئے منصوبے تیار کررہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد کچھ یوں ہے:امریکہ کے پاس7300، روس 8000، برطانیہ 225، فرانس 300، چین 250، بھارت 90 سے 110، پاکستان 100 سے 120، اسرائیل 80 اور شمالی کوریا 6 سے 8ایٹمی وار ہیڈہیں۔