ماسکو(نیوزڈیسک)روس نے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف تعاون میں پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھ کر اسے بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔روسی خبررساں ادارے کی ویب سائٹ پر جاری ایک رپورٹ میں روسی ترجمان دیمتری پسکوو کے حوالے سے کہا گیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم ملکوں میں شامل ہے۔ اس لیے روس پاکستان کے ساتھ تعاون کو بہت اہمیت دیتا ہے۔جنوری میں روس کے کمانڈر ان چیف اولگ سلیو کوو نے اعلان کیا تھا کہ ان کی فوج آئندہ سال پہلی مرتبہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرے گی۔گزشتہ مہینے ایک روسی وفد نے فوجی ساز و سامان اور دفاعی تعاون بڑھانے کے معاہدے پر بات چیت کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔پاکستان اور روس کے درمیان سخوئی ایس یو-35 لڑاکا طیاروں کی فراہمی پر بھی گفتگو جاری ہے۔اس سے قبل دونوں ملک چار ایم آئی-35 ایم ہیلی کاپٹر دینے پر بھی متفق ہو چکے ہیں۔دونوں ملکوں حال ہی میں دفاعی تعاون بڑھانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں اور پچھلے کچھ سالوں میں فوجی سربراہان کے دوروں سے اشارہ ملتا ہے کہ اس حوالے سے کافی پیش رفت ہو چکی ہے۔یاد رہے کہ جون، 2014 ءمیں روس نے پاکستان کو اسلحہ فروخت کرنے پر پابندی ختم کرتے ہوئے نومبر، 2014 میں فوجی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پاکستان سے دو طرفہ معاہدہ کیا تھا۔