اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان میں تعینات مصر کے سفیر شریف محمد کما ل الدین شاہین نے کہا کہ مصر کی کمپنیاں پاکستان کے تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں کیونکہ پاکستان کے اس شعبے میں منافع بخش سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مصر کی کمپنیاں پاکستان میں پارٹنرز کی تلاش میں ہیں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہدرای منصوبہ سے مصر کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہونگے کیونکہ اس سے سوئز نہر تک آسان رسائی میسر ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا سیاحت کے شعبے میں بھی پاکستان اور مصر کے مابین باہمی تعاون کے عمدہ مواقع پائے جاتے ہیں کیونکہ مصر اس شعبے میں اچھی مہارت رکھتا ہے اور وہ پاکستان کو اپنی سیاحت کی صنعت کو بہتر طور پر فروغ دینے میں مدد سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مصر کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین عمدہ سیاسی اور فوجی تعلقات ہیں لہذا ن تعلقات سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کو اپنے تجارتی اور معاشی تعلقات کو بھی بہتر کرنا چائیے کیونکہ اس وقت باہمی تجارت دونوں ممالک میں موجود تجارتی مواقعوں کے مطابق نہیں ہے انہوں نے کہا کہ براعظم ایشیا ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے اور اس تناظر میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کا فروغ مصر کیلئے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ شریف محمد کمال ا لدین شاہین نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے اچھے خاصے مواقع پائے جاتے ہیں اور دونوں ممالک اپنے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط استوار کر کے ان مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کر کے پاکستان بھی افریقی ممالک کی مارکیٹوں تک آسانن رسائی حاصل کر سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کو چائیے کہ وہ اپنا ایک تجارتی وفد کو مصر بھیجے تاکہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مصر کا سفارتخانہ چیمبر کے وفد کے دورہ کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے صدر عاطف کرام شیخ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ پاکستان اور مصر کے مابین اچھے تاریخی تعلقات ہیں لہذا دونوں ممالک کو چائیے کہ وہ آزادانہ تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے اور ایک دسرے کے ممالک میں سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد کرنے کی حوصلہ افزائی کریں ن جس سے باہمی تجارت اور معاشی تعلقات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ادویات، پھل اور سبزیاں، ٹیکسٹائل ، کھیلوں کا سامان، آلات جراہی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر پاکستانی مصنوعات کی مصر کے صارفین کی ضروریات پوری کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کو چائیے کہ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے پر خصوصی توجہ دیں اور نجی شعبوں کے مابین مضبوط کاروباری تعلقات قائم کرنے میں سہولت فراہم کریں تاکہ تاجر برادری باہمی تجارت کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے سنیئر نائب صدر شیخ پرویز احمد اور نائب صدر شیخ عبدالوحید نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات قائم کرنے کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں