دبئی(نیوز ڈیسک)انتہا پسند تنظیم ‘داعش’ نے سعودی دارلحکومت ریاض کی ایک سڑک پر کھڑی گاڑی میں بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دہشت گرد تنظیم نے ایک بیان میں یہ بات تسلیم کی ہے کہ اس کے جنگجو نے ریاض کی العزیزیہ کالونی میں پارک ایک گاڑی میں بم نصب کیا، جسے بعد میں دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس سے اردگرد کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکا پیر کی صبح ایک سعودی شہری کی العزیزیہ کالونی میں اپنے گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں ہوا، تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریاض ریجن کے پولیس ترجمان نے بتایا کہ انہیں پیر کی صبح ایک شہری نے اطلاع دی کہ اس کے گھر کے باہر کھڑی گاڑی میں دھماکا ہوا ہے جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا اور کالونی میں اردگرد کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ سیکیورٹی اداروں نے واقعہ کی فوری تفتیش شروع کر دی ہے۔