لاہور (نیوزڈیسک)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے چنائے جانے والی فلائیٹ کو بھارتی حکام نے اس وقت گھیرے میں لے لیا جب ایک مسافر نے وہاں پر یہ کہنا شروع کر دیا کہ اس کے پاس بم ہے۔جب اس کے سامان کی چیکنگ کی جا رہی تھی تو میٹل ڈیٹیکٹر نے آواز دینا شروع کردی۔جنگ رپورٹر خالد محمود خالد کے مطابق جب مسافر سے پوچھا گیا تو اس نے بلند آواز میں کہنا شروع کردیا کہ اس میں بم ہے۔ جس کے بعد تمام مسافروں کو جہاز سے اتار کر دوبارہ چیکنگ کی گئی جس کی وجہ سے جہاز دو گھنٹے لیٹ ہو گیا۔جہاز میں بھارتی کانگریس کی چئیر پرسن سونیا گاندھی کی صاحبزادی پریانکا گاندھی وردا بھی سوار تھیں تاہم پریانکا کو دوسرے جہاز کے ذریعے چنائے روانہ کر دیا گیا۔مذکورہ مسافر جو کہ ایک لیدر ایکسپورٹر ہے اسے دہلی پولیس اور ہوائی اڈے پر مامور سیکیورٹی حکام نے حراست میں لے کراس سے پوچھ گچھ کی اور اسے تھانے لے جایا گیا تاہم اسے بھی چھ گھنٹے کی تحقیقات کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی۔