ابوظہبی(نیوزڈیسک) دبئی کے حکمران الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پرنوجوانوں کووزیربنانے کی آفردی ہے ۔شیخ محمد نے ٹوئیٹر پیغام میں ریاست کی تمام یونیورسٹیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہر جامعہ 3 طلبہ اور 3 طالبات کو نامزد کردے تاکہ وہ ان میں سے کسی کو بطور وزیر منتخب کرلیں۔دبئی کے حکمران کے ٹوئٹ کے مطابق یونیورسٹیوں کی طرف سے وزارت کے لئے نامزد طلباء وطالبات کیلئے ضروری ہے کہ وہ تعلیم دوسال قبل مکمل کرچکے ہوں یایونیورسٹی میں ان کاآخری تعلیمی سال ہو۔انہوں نے کہاکہ ریاست نوجوانوں کی ریاست ہے اورنوجوان ریاست کی طاقت اور تیز رفتار ترقی کا راز ہیں اور وہ ایسا خزانہ ہیں جن کو آنے والے دنوں کے لیے جمع کیا جا رہا ہے۔حاکم دبئی نے کہاکہ ان کی ریاست نوجوانوں کے لئے مزید کئی اہم عہدے بھی تخلیق کرے گی تاکہ نوجوان اعلی عہدوں پرفائزہوکرملک کی خدمت کرسکیں۔