ریاض (نیوزڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے مذموم مقاصد کےلئے خواتین کے استعمال کی روک تھام کےلئے چیکنگ کا نظام مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہوائی اڈوں اور سفری راہداریوں پر مرد و زن کی شناخت کے لیے ان کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے۔سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے کہا ہے کہ تمام سیکیورٹی اداروں کو ہوائی اڈوں اور سفری راہداریوں سے گذرنے والے مردوں اور خواتین کی تلاشی لینے اور ان کے فنگر پرننٹس چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی تلاشی اور شناخت معلوم کرنے کےلئے لیڈیز اہلکاروں سے مدد لی جائےگی، اندرون ملک اہم مقامات پر چیکنگ کے دوران خواتین اور مردوں کے شناختی کارڈز کی چیکنگ کو سخت کیا جائےگا۔قبل ازیں ریاض میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل منصور الترکی نے کہا تھا کہ دہشت گرد تنظیمیں اور انتہا پسند گروپ فنڈز ریزنگ اور دھماکہ خیز مواد ایک سے دوسرے مقام پر منتقل کرنے کےلئے خواتین کو استعمال کرتے ہیں۔