نئی دہلی (نیوز ڈیسک ) بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے کہا ہے کہ بھارت کی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر کسی شک کی گنجائش نہیں، مستقبل میں پٹھانکوٹ جیسے حملوں کا منہ توڑ جواب دینے میں دیر نہیں کریں گے، ملک کے کئی حصوں میں جاری شورش کو سرحد پار سے مدد مل رہی ہے، فوجی ضرورتوں کو ہر سطح پر پورا کیا جارہا ہے ۔ ایک بھارتی جریدے کو دیئے گئے انٹرویو میں جنرل دلبیر سنگھ سہاگ نے کہا کہ بھارت کو مسلسل بیرونی خطروں کا سامنا ہے جن میں دہشت گردانہ کارروائیاں میںخاص طور پر شامل ہیں تاہم پٹھان کوٹ حملے سے بھارت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا بھارتی فوج مستقبل میں ایسے حملوں کا منہ توڑ جواب دینے میں دیر نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج الرٹ اور ہر خطرے سے پوری قوت کے ساتھ نمٹنے کی پوزیشن میں ہے جس کا ثبوت پٹھان کوٹ کا دہشت گردی کا حملہ ہے، جس کو ملکر ناکام بنایاگیا۔ دلبیر سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر کسی شک کی گنجائش نہیں فوج ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی ضرورتوں کو ہر سطح پر پورا کیا جارہا ہے جس کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں پر مسلسل خطرے پیدا کیے جا رہے ہیں اور اس طرح کے خطرے فوج کیلئے چیلنج ہیں جن سے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے ساتھ نمٹ رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت کو کئی دہائیوں سے سرحد پار سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جن سے فوج نبروآزما ہے جبکہ فوجی جوانوں کو جدید وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی حصوں میں شدت پسندانہ کارروائیاں جاری ہیں جن کو سرحد پار سے مددمل رہی ہے تاہم بھارتی فوج ان حصوں میں امن قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی سا لمیت کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی زمہ داری پوری طرح نبھارہی ہے۔