لندن (نیوز ڈیسک) ایئر انوسٹی گیٹرز نے انکشاف کیا ہے کہ برطانیہ کے 4 بڑے ہوائی اڈے ڈرون حملوں سے بال بال بچے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیتھرو، سٹینس ٹیڈ، سٹی اور مانچسٹر ایئر پورٹس بڑے سانحے سے دوچار ہوسکتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق ڈرون طیارے برطانیہ کے بڑے ایئر پورٹس پر مسافر طیاروں سے ٹکراتے ٹکراتے بچے اور لندن کے سٹینس ٹیڈ ایئر پورٹ سے روانہ ہوتا ہوا ایک مسافر طیارے بھی ڈرون سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہونے سے بچا، ان ڈرونز کے ٹکرانے کی صورت میں بڑے سانحات جنم لے سکتے تھے۔ ستمبر میں سٹینس ٹیڈ ایئرپورٹ سے بوئنگ 737 مسافر طیارہ لے کر روانہ ہونے والے پائلٹ نے بتایا کہ ریموٹ سے چلنے والا ایک 6 فٹ لمبا ڈرون طیارہ4ہزار فٹ کی بلندی پر اس کے راستے سے جو کنٹرولڈ فضائی مقام ہے اور جہاں کسی بھی ڈرون کی پرواز غیر قانونی ہے صرف 15 فٹ فاصلے سے گزرا تھا۔ اس کے9دن بعد ہیتھرو ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے والے ایک بوئنگ 777 کے پائلٹ نے ایک چھوٹا ڈرون کو جہاز کے پروں کے قریب سے گزرتے دیکھا۔ پائلٹوں نے کسی بڑے سانحے سے بچنے کے لئے فوری کارروائی پر زور دیا ہے۔