برلن(نیوزڈیسک)جرمنی میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کے درمیان سیاسی پناہ سے متعلق پالسیی پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمنی میں گزشتہ برس سیاسی پناہ کے لیے 10 لاکھ سے زائد افراد کی درخواستیں رجسٹر کی گئی تھیں۔ حکومت کو امید ہے کہ اب اس تعداد میں کمی واقع ہو سکے گی۔ سوشل ڈیموکریٹ رہنما زیگمار گابریئل کے مطابق مراکش، الجیریا اور تیونس کو اب محفوظ ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا جائے گا۔ اس طرح ان ممالک سے سیاسی پناہ کی تلاش میں جرمنی آنے والوں کو ان کے ملکوں کو واپس بھیجا جا سکے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طے شدہ معاہدے کے تحت ’فیملی ری یونین‘ یا خاندان کو جرمنی بلانے کی سہولت بھی دو برس کے لیے معطل ہو سکتی ہے۔