لندن (نیوزڈیسک)جنسی زیادتی کے لحاظ سے بلند ترین شرح کے حامل 10 ممالک کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فہرست میں حیرت انگیز طور پر انسانی حقوق اور حقوق نسواں کے علمبردار 6 ترقی یافتہ ممالک امریکہ، سویڈن، فرانس، کینیڈا، برطانیہ اور جرمنی شامل ہیں۔ اس حوالے سے امریکہ سر فہرست ہے جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ، تیسرے پر سویڈن، چوتھے پر بھارت، پانچویں پر برطانیہ، چھٹے پر جرمنی، ساتویں پر فرانس، آٹھویں پر کینیڈا، نویں پر سری لنکا اور 10 ویں نمبر پر ایتھوپیا شامل ہیں۔ ونڈر لسٹ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی نام نہاد سپر پاور خواتین کی عصمت دری کی دوڑ میں سر فہرست ہے۔ جنسی زیادتی کے متاثرین میں91 فیصد خواتین جبکہ 9 فیصد مرد شامل ہیں۔ امریکہ کی نیشنل وائلینس اگینسٹ ویمن سروے کے مطابق امریکہ کی ہر 6 میں سے ایک خاتون اور 33 میں سے ایک مرد کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اسی طرح کالج کی ایک چوتھائی طالبات کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔