تہران(نیوزڈیسک)ایران نے کتابوں میں شراب، غیر ملکی جانوروں اور کچھ غیر ملکی صدور کے نام استمعال کرنے پر پابندی لگا دی۔برطانوی اخبارکی ایک رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت ثقافت اور اسلامی رہنمائی نے ’مغربی ثقافتی یلغار‘ سے نمٹنے کیلئے یہ پابندی عائد کی۔کتب کی اشاعت کے وزارتی سربراہ محمد سلغی نے کہا ’جب نئی کتابیں ہمارے پاس رجسٹریشن کیلئے آئیں گی تو ہمارا عملہ اسے بغور پڑھیگا کہ آیا اس میں اسلامی انقلاب کے اصولوں کی ترویج میں رہتے ہوئے کسی ادارتی تبدیلی کی ضرورت ہے یا نہیں‘۔’ نئی پابندیوں کے تحت شراب جیسے الفاظ، غیر ملکی جانوروں اور متعدد غیر ملکی صدور کے نام استعمال کرنے پر پابندی ہو گی۔محمد سلغی نے مشت زنی کو بطور طریقہ علاج بتانے والی سائیکولوجی کی کتب کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔’ہم ایسی کتابوں کو مارکیٹ میں رہنے نہیں دیں گے‘۔انہوں نے واضح کیا کہ کئی سال پہلے شائع ہونے والی اور مارکیٹ میں تاحال موجود کتابوں کا بھی ادارتی حوالے سے از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔برطانوی اخبار کے مطابق، سلغی نے مزید کہا کسی بھی کتاب کو شائع کرنے کی اجازت دینے سے قبل مذہبی علما کا نظریاتی نقطہ نگاہ سامنے رکھا جائے گا۔