اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایک عرب نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے یمن میں اپنے سفارت خانے پر حملے کا ڈرامہ رچایا ،ادارے کو موصول تازہ تصویر میں ایرانی سفارت خانہ بالکل محفوظ اور صحیح سلامت دیکھا جاسکتا ہے ،سفارت خانے کی عمارت پر ایک گولی تک کا نشانہ نہیں ہے۔عرب خبررساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے یمن میں قائم اپنے سفارت خانے پر اتحادی طیاروں کی بمباری کے الزامات کے بعدسفارت خانے کی ایک تازہ تصویر ملی ہے جس میں ایرانی سفارت خانے کو مکمل طور پر محفوظ اور سلامت دیکھا جاسکتا ہے۔قبل ازیں ایرانی حکومت کی جانب سے الزام عاید کیا گیا تھا کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن میں جاری آپریشن کے دوران اتحادی طیاروں نے بدھ کوصنعائ میں ایرانی سفارت خانے پر بھی بمباری کی ہے جس میں سفارت خانے کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ سعودی_عرب کی جانب سے ایران کے ان الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے کر مسترد کردیا گیا تھا۔العربیہ کو موصول ہونے والی تصویر میں ایرانی سفارت خانے کو مکمل طورپر محفوظ دیکھا جا سکتا ہے۔ بمباری تو کجا سفارت خانے پر ایک گولی کا بھی نشانہ نہیں ہے۔ اس تصویر نے ایرانی حکومت کی جانب سے سعودی عرب پر بلا جواز تنقید کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے۔ایران کی جانب سے صنعائ میں اپنے سفارت خانے پر حملے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب حال ہی میں تہران میں بلوائیوں نے سعودی عرب کے سفارت خانے اور ایک قونصلیٹ پر یلغار کرکے انہیں نذرآتش کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس واقعے کے بعد ایران کو اسلامی دنیا کے وسیع پیمانے پر سفارتی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔