اسلام آباد(نیوز ڈیسک )امریکی ادارے “اسٹریٹفور سینٹر فار اسٹڈیز” کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ تہران میں سعودی سفارت خانے پر ایرانیوں کے دھاوے کے لیے خود ایرانی حکام نے حالات سازگار بنائے۔رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق احتجاج کرنے والے افراد نے سعودی سفارت خانے کے دفاتر میں داخل ہو کر لوٹ مار کی اور پھر اس کی عمارت میں آگ لگا دی۔ اس تمام کارروائی کے بعد کہیں جا کر ایرانی پولیس حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے صرف 40 افراد کو حراست میں لیا گیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی حکام تہران میں سعودی سفارت خانے کی حفاظت کی ذمہ داری سے پیچھے ہٹ گئے اور احتجاج کرنے والوں کا غیض غضب انتہا پر پہنچنے کے بعد ہی پھر مداخلت کی۔ اسٹریٹفور کے مطابق یہ چیز اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ ایران نے تہران میں سعودی سفارتی مشن کے صدر دفتر پر حملے کے لیے مناسب ماحول فراہم کیا۔