تہران(نیوزڈیسک)ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں انتہا پسندی کے خاتمے، انسداد منشیات اور انسانی حقوق کے بارے میں ایک دوسرے سے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے گزشتہ روز تہران میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مشرق وسطی کو انتہا پسندی اور بحرانوں کا سامنا ہے اور بعض ممالک ان بحرانوں کو ہوا دے رہے ہیں۔انہوں نے ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک انتہا پسندی اور اس کو تقویت پہنچانے والے عوامل کا مقابلہ اور انسداد منشیات اور انسانی حقوق کے بارے میں ایک دوسرے سے تعاون پر متفق ہیں۔ اس موقع پرڈنمارک کے وزیر خارجہ کرسٹین جانسن نے کہا کہ ایران کے ساتھ مختلف میدانوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے ساتھ دو طرفہ دلچسپی کے معاملات اور علاقائی مسائل پر بات چیت ہوئی ہے۔