پٹھان کوٹ(نیوزڈیسک)بھارتی میڈیا سے انکشاف کیا ہے کہ پٹھان کوٹ میں فضائی اڈے پر حملے سے قبل ایک مقامی پولیس افسر نے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی لیکن اعلیٰ افسران نے اسے نظر انداز کیا جس پر انکے خلاف تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب پولیس کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گورداس پور کے ایس پی سلوندر سنگھ کی طرف سے دی گئی اطلاع پر مقامی اعلیٰ افسران نے کیوں کارروائی نہیں کی ۔ سلوندر سنگھ نے اپنے افسروں کو اس واقعہ سے کئی گھنٹے قبل دہشتگردوں کی موجود گی کی اطلاع دی لیکن اعلیٰ افسران کی سست روی کے باعث دہشتگردوں کو فضائیہ کے اڈے پر پہنچنے کا موقع مل گیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل پولیس سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ سلوندر سنگھ نے یکم جنوری کو رات ساڑھے تین بجے گورداس پور کے ایس ایس پی گرپیت سنگھ طور کو فون کر کے اطلاعات فراہم کی تھیں ۔ سلوندر سنگھ نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ اعلیٰ افسران نے میری اطلاع کا نوٹس لینے میں دیر کیوں کی ۔ دریں اثناءبھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ کالعدم جیش محمد کیخلاف کارروائی کرے اور بھارتی حکام نے اس تنظیم کو پٹھان کوٹ حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں اس حوالے سے شواہد ملے ہیں اور پاکستان سے اشفاق احمد ، حافظ عبد الشکور اور قاسم جان نامی لوگ ان دہشتگردوں سے رابطے میں تھے ۔