نیویارک(نیوزڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے سعودی عرب کے ایران کے ساتھ تعلقات ختم کرنے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو بات چیت سے معاملے کا حل تلاش کرنا چاہیے۔ اقوام متحدہ سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مذہبی سکالر کی سزائے موت انتہائی افسوسناک ہے جبکہ تہران میں سعودی سفارت خانہ جلایا جانا بھی قابل مذمت عمل ہے۔دوسری جانب امریکہ نے بھی ایران سعودی عرب میں تنازع پر اظہار تشویش کیا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ایران معاملہ فہمی سے کام لیں اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کریں۔اقوام متحدہ نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل اورکشیدہ معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کریں جس سے خطے میں امن بحال ہوگا۔