مانامہ (نیوزڈیسک) بحرین نے سعودی عرب کی طرف سے اپنے تحفظ اور استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ سعودی نظام انصاف و قانون کی تضحیک کرنے والوں یا اس کے خلاف منفی بیانات و تاثرات پھیلانے والوں کو سخت ترین سزائیں دی جائیں گی۔نیوز سائٹ عرب نیوز کے مطابق بحرینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عدالتوں کے فیصلوں یا اس کے قوانین اور نظام انصاف کے متعلق بیانات یا اعلانات کے ذریعے مخالفانہ، منفی یا تضحیک آمیز باتیں کرنے والوں کو قید اور جرمانے کی سزا دی جاسکتی ہے۔ وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا تھا کہ بحرینی کرمنل لاءکے آرٹیکل 2015ءکے مطابق کوئی بھی ادارہ یا ملک جس کا ہیڈکوارٹر بحرین میں واقع ہو یا جس کا صدریا نمائندہ مملکت میں موجود ہو، اس کے پرچم کی تحقیر کرنے والے یا اس ملک کے خلاف تحقیر آمیز بیانات جاری کرنے والے کو قانون کے مطابق 200 بحرینی دینار کا جرمانہ یا دو سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے