تہران(نیوزڈیسک)ایران نے کہا ہے کہ ر یاض تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کو جواز بنا کر کشیدگی پیدا کر رہا ہے،ایران بین الاقوامی کنونشنز کے تحت سفارتی سکیورٹی فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔سفارتخانے کے حوالے سے جو کچھ بھی ہوا ہے وہ دنیا میں پہلی بار نہیں ہوا، سفارتی تعلقات ختم کر کے سعودی عرب خطے میں کشیدگی اور تصادم کی پالیسی جاری رکھے ہوئے ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان حسین جبیری انصاری کا کہنا ہے کہ ’ایران بین الاقوامی کنونشنز کے تحت سفارتی سکیورٹی فراہم کرنے میں پرعزم ہے۔ادھر سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ عادل الجبیر نے تہران میں سعودی سفارتخانے پر مظاہرین کے حملے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ تمام ایرانی سفارتکار اگلے 48 گھنٹوں میں سعودی عرب سے نکل جائیں۔سعودی وزییر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران کو سعودی عرب کی سکیورٹی کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب ، تہران میں موجود اپنے سفارتکاروں کو واپس بلا رہا ہے۔انھوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ ایران ہتھیار تقسیم کرتا ہے اور اس نے خطے میں دہشت گردوں کے اڈے بنا رکھے ہیں