سرینگر(نیوزڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں علیحدگی پسند گروہوں کے اتحاد نے انڈیا میں پٹھان کوٹ ایئربیس پر جان لیوا حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔یونائیٹڈ جہاد کونسل (یو جے سی) نے پیر کو ایک جاری بیان میں کہا کہ حملہ انڈیا کیلئے پیغام ہے کہ کشمیری جنگجو انڈیا میں کسی بھی مقام پر حساس تنصیبات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔کونسل کے ترجمان سید صداقت حسین نے کہا کہ پٹھان کوٹ حملہ نیشنل ہائی وے سکواڈ سے جڑے ہمارے مجاہدین نے کیایو جے سی متنازعہ کشمیر میں بھارت کی حکمرانی کے خلاف لڑنے والے ایک درجن سے زائد عسکریت پسند گروہوں کا اتحاد ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کا اس حملہ سے کوئی تعلق نہیں اور افسوس کی بات ہے کہ انڈین حکومت، میڈیا اور ان کی مسلح افواج پاکستان فوبیا کا شکار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان پر الزامات عائد کرنے سے انڈیا نہ ماضی میں اور نہ ہی اب کشمیری عوام کی جدو جہد کو سبوتاژکر سکتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ انڈین قیادت کیلئے اچھا ہو گا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لیں اور مزید وقت ضائع کیے بغیر کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں۔