متحدہ عرب امارات(نیوز ڈیسک )متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزا کی توسیع کے عمل میں آسانی کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے وزٹ ویزا میں توسیع کے لیے ایک ماہ کے انتظار کی شرط کو منسوخ کر دیا ہے۔ وزٹ ویزا پر متحدہ عرب امارات میں موجود افراد محض 570 درہم کی دائیگی پر ملک سے باہر گئے بغیر ہی اپنے ویزے میں توسیع حاصل کر سکتے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئیر ڈاکٹر راشد سلطان کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے 2004کے فیصلہ نمبر337 کے مطابق وزٹ ویزا پر آنے والے افراد کے لیے امارات سے باہر جائے بغیر ہی ویزا میں توسیع کی سہولت دینے کو دوبارہ لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یعنی اب ایگزٹ Exit کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے تمام افراد اور کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ویزے کی میعاد ختم ہونے سے قبل ہی درخواستیں اور رقم جمع کروا دیں۔حکام کا کہنا ہے کہ نیا قانون تمام انٹری پرمٹ پر لاگو ہو گا جس میں ٹرانزاٹ ویزا، شارٹ ٹرم ویزا (ایک ماہ کے لیے)، اور لانگ ٹرم ویزا (90 دن کے لیے) ، اسٹوڈنٹ ویزا، میڈیکل علاج کے لیے ویزا اور ریذیڈنس ویزا شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزٹ ویزا پر آئے افراد کو ویزے میں توسیع کے لیے ایک ماہ کے لیے ملک سے بارہر جانے کی شرط کو لازم قرار دیا گیا تھا تاہم اب اس قانون کو بدل کر وزٹ پرآئے افراد کی سہولت کے لیے وزارت داخلہ حکام نے قانون میں تبدیلی کر دی ہے۔جس سے متحدہ عرب امارات میں موجود افراد کو آسانی ہو گی۔