اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کشمیر کے علاوہ بھارت میں ایک علاقہ ایسا بھی ہے جہاں بھارتی حکومت کی عمل داری مکمل طور پر ختم ہوچکی ہے اور جہاں پر بھارتی فوج کے جانے پر انہیں پتھر مارے جاتے ہیں۔بحرِ ہند میں واقع جزیرہ، ”نارتھ سینٹینل آئس لینڈ“ کے نام سے جانا جاتا ہے ،اس جزیرے میں 60ہزار سال سے مقیم قبیلے نے بیرونی دنیا سے کسی بھی قسم کا تعلق نہیںرکھا۔جب کبھی ان کا سامنا بیرونی دنیا کے کسی افراد سے ہوتا ہے تووہ قتل و غارت پر منتج ہوتا ہے کیونکہ اس قبیلے کے لوگ باہر سے کسی کو بھی اپنے جزیرے پر نہیں آنے دیتے اور دیکھتے ہی قتل کر دیتے ہیں۔ بھارتی حکومت نے متعدد بار اس قبیلے سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی لیکن ہر بار ناکامی ہوئی کیونکہ قبیلے کے افراد ہر بار قتل و غارت پر اتر آئے۔ اس کے بعدبھارتی حکومت نے کبھی ان کے معاملات میں مداخلت کرنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ اس جزیرے کے اطراف میں تین میل سے آگے جانا قانونی طور پر منع قرار دے دیا۔