ماسکو(نیوزڈیسک)دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ،روس نے اصل وجہ سے پردہ اٹھادیا،روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘ امریکہ خود کو الگ قوم تصور کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ دنیا کے تمام ملکوں پر اپنا کنٹرول قائم کرے لے گا۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کی یہی سوچ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف اتحاد بھی اسی سوچ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔روسی وزیر خارجہ نے کہاکہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے شام اورعراق میں داعش کے خلاف جنگ کے لیے 2014 میں ایک فوجی اتحاد قائم کیا تھا جس کے بعد سے امریکہ شام میں داعش کے خلاف حملوں کے ساتھ ساتھ شامی حکومت کے مسلح مخالفین کی مالی اور عسکری حمایت بھی کر رہا ہے۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے شام مخالف مسلح گروہوں کی حمایت کی وجہ سے مشرق وسطی میں دہشت گرد گروہوں کو قدم جمانے کا موقع ملا ہے۔